لاہور، 17 نومبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب پروگرام کی ضلعی سطح پر کارکردگی بہتر بنانے، انسدادِ سموگ اقدامات تیز کرنے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوڑے کو آگ لگانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خالی پلاٹوں میں گندگی پھینکنے کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھی جائے۔ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن میں کوتاہی پر متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں فوکل پرسن سُتھرا پنجاب عاصم محمود، ڈی جی عمر جاوید اور ضلعی ایجنسیز کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے شرکت کی، جبکہ بعض افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلعی ایجنسیز کی کارکردگی، ورکرز کی مانیٹرنگ اور وزیراعلیٰ کی حالیہ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ سُتھرا پنجاب کے ورکرز کی حاضری اور کارکردگی جانچنے کے لیے اچانک دورے جاری رکھے جائیں، جبکہ دیہی علاقوں میں ورکرز کی حاضری ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلف آپریشن والی تحصیلوں میں ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ عارضی کولیکشن پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر ایندھن کی بچت بھی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی توجہ سُتھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے پر مرکوز ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔











