اسلام آباد،17 نومبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سپارکو رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں درختوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جہاں درختوں کی کمی ہے وہاں مزید درخت لگائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد کے گرین ایریا میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گیس لائن کی وجہ سے پراجیکٹ کی تکمیل میں رکاوٹ تھی، اب تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے۔ 60 روز میں سروس روڈ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے کے وقت میں کمی آئے گی۔ بہت بڑی آبادی کو ایکسپریس وے سروس روڈ سے فائدہ ہو گا۔ کورال سے آگے بھی ایکسپریس وے سروس روڈ کو بڑھانے پر غور ہو رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور متعلقہ حکام موقع پر موجود تھے۔











