پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس، تجارت، توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

5

اسلام آباد،17نومبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید مریدوف نے پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس وزارت خارجہ میں منعقد ہوا، جس میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ و مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، بینکاری و مالیات، سیاحت، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات زیر غور آئے۔اجلاس میں بجلی کے شعبے میں تعاون، ٹرانزٹ تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 دونوں فریقین نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی شراکت داری بڑھانے اور عوامی سطح پر تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے طے شدہ فیصلوں اور نتائج پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپس، اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ پیش رفت کے جائزے کے ذریعے دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو ٹھوس اور عملی فوائد میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی، وفاقی وزیر تجارت، وفاقی وزیر پیٹرولیم، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔