پشاور، 18 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کے پشاور میں مقابلوں کے انعقاد کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ، سیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل کھیل واصل خان سمیت دیگر متعلقہ حکام کی شرکت کی۔
اس موقع پرگورنر فیصل کریم کنڈی کو ساؤتھ ایشین گیمز کے پشاور میں مقابلوں کے انعقاد کے لیے تیاریوں اور انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف تجاویز اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلوں کا انعقاد صوبے کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گاجبکہ ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔











