نیب ملتان اور سٹیٹ بینک کے اشتراک سے ڈیجیٹل مالیاتی آگاہی، فراڈ سے بچاؤ اور دیانت داری کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

0

ملتان ،18نومبر(اے پی پی): قومی احتساب بیورو ملتان کی جانب سے چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان کے وژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں، سٹیٹ بینک آف پاکستان  ملتان کے باہمی تعاون سے مینجمنٹ ڈویلپمنٹ سینٹر  الائیڈ بینک لمیٹڈ، خانیوال روڈ ملتان میں ڈیجیٹل مالیاتی خواندگی، فراڈ سے آگاہی اور دیانت داری کے فروغ کے لیے روابط کو مضبوط بناناکے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار سیمینار کا بنیادی مقصد بینکنگ سیکٹر میں ڈیجیٹل مالیاتی شعور اجاگر کرنا، مالیاتی فراڈ کی روک تھام اور دیانت داری و شفافیت کے اقدار کو فروغ دینا تھا۔

سیمینار میں چیف مینیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان ملتان ظہیر صابر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈپٹی چیف مینیجر سٹیٹ بینک ملتان عدیل خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان توصیف حنیف، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان محمد رمضان خان سمیت ایم سی بی ، اے بی ایل ، ایچ بی ایل ، میزان بینک اور دیگر معروف بینکوں کے ایگزیکٹو افسران نے بھی بھرپور شرکت کی۔

سیمینار کے آغاز میں مہمانِ خصوصی، چیف مینیجر سٹیٹ بینک ملتان ظہیر صابر نے اپنے افتتاحی کلمات میں مالیاتی نظام میں شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ “دیانت داری اور احتساب بینکنگ نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔تقریب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان ملتان مس انیلا نے بطورِ ریسورس پرسن شرکاء کو ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ڈیجیٹل مالیاتی خواندگی کی اہمیت، مالیاتی فراڈ کی مختلف اقسام، جدید ڈیجیٹل بینکنگ کو درپیش خطرات اور محفوظ مالیاتی لین دین کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

 انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی آگاہی افراد اور اداروں کو مالیاتی دھوکہ دہی سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان محمد رمضان خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحقیقاتی تجربات سے ماخوذ بینکنگ سیکٹر میں اصلاحات کا ذکر کیا اور منی لانڈرنگ کی بذریعہ KYC روک تھام میں بینکنگ سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کیا   انہوں نے مالیاتی شعبے میں دیانت داری، شفافیت اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی فراڈ کی روک تھام اور بدعنوانی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔