زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے جدید تحقیق اور مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، وزیراعظم شہباز شریف

9

اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ حکومت زرعی تحقیق کے فروغ کے لیے بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں پی ایم او ایس  کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے۔ کسانوں کو جدید مشینری کی آسان فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم او ایس کے تحت وفاقی وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کا مؤثر نظام قائم ہو چکا ہے۔ مقررہ اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی بڑھانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زرعی اجناس ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ملک بھر میں کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے ’’میرا کسان‘‘ ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے جس کے سیکریٹریٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کی تشکیل نو اور موسمیاتی تبدیلیوں و قدرتی آفات سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے زرعی انشورنس کی کوریج بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، احد خان چیمہ، جام کمال خان، شزا فاطمہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔