زندہ قومیں اپنے مشاہیر کے کمالات کا اعتراف کرتی ہیں:صدرمملکت عارف علوی

342

اسلام آباد،27دسمبر (اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کے کمالات کا اعتراف کرتی ہیں، مرزا غالب اردو شاعری کے بے تاج بادشاہ ہیں ۔

ایوان صدر میں مرزا غالب کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے وقت گزرتا جا تا ہےمرزا غالب کے اشعار کی تہہ داری نئے موسموں کے ساتھ نمودوظہور کرتی نظر آتی ہے ۔ اردو غزلوں کی تعداد بہت کم ہے مگر اس کے باوجود انھیں غزل کا سب سے بڑا شاعر تسلیم کیا جاتا ہے،صدر مملکت نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ موجودہ حکومت ہماری  پُرعظمت علمی اور ادبی روایت اور ویژن کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرے گی ، قومی اور عالمی منظرنامے پر اس سرمائے کو متعارف کرانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ مشہور شعراء  انور مسعود، افتخار عارف،  توصیف تبسم، سحر انصاری، امجد اسلام امجد،  انور شعور ، احسان اکبر،  نصیر ترابی، ریاض مجید ، جلیل عالی، نصرت زیدی،  حلیم قریشی، یاسمین حمید،  نظیر تبسم، انجم سلیمی، فاطمہ حسن، قمر رضا شہزاد، حمیدہ شاہین، اختر عثمان، بارام غوری، شاکر حسین شاکر اور محسن شکیل نے اپنا کلام پیش کیا ۔

اے پی پی/حمزہ/طاہرمحموداعوان

سورس:وی این ایس اسلام آباد