صدر مملکت ممنون حسین کا قومی کتاب میلے کی افتتاحی تقر یب سے خطاب

503

ا سلام آباد اپریل ٢٢ (اے پی پی):صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے سیاسی، معاشی اور معاشرتی عوامل کا گہرا مطالعہ ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے علمی اور تہذیبی سطح پر تحریک چلانے کی ضرورت ہے تاکہ قومی سطح پر علمی و ادبی ماحول کی ترویج کی جاسکے۔
صدر مملکت نے یہ بات قومی کتاب میلے کا افتتاح کرنے کے بعد ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کتاب پرچم بھی لہرایا۔ مقامی اسکولوں کے طلبہ نے کتاب کا قومی نغمہ کتابوں کی دنیا سلامت رہے پیش کیا۔ اس موقع ہر کتاب پریڈ بھی ہوئی جس کے شرکا نے صدر مملکت کو سلامی دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے قوم کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ تنہائی میں کی جانے والی کوششوں سے ہماری ضروریات کی تکمیل پورے طور پر نہ ہو سکے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کتاب انسان کا ناتا تخریب سے توڑ کر تعمیر سے جوڑ دیتی ہے اور کتاب مایوسی کے اندھیروں کو امید کی روشنی میں بدل دیتی ہے۔ اس لیے پاکستانی قوم سمیت پوری عالم انسانیت کے لیے میرا پیغام یہ ہے کہ وہ بے یقینی سے ناتا توڑ کر کتاب سے رشتہ جوڑ لے تو یہ دنیا جنت کا نمونہ بن جائے گی۔
صدر مملکت نے قومی کتاب میلے میں بچوں کے لیے خصوصی گوشے کڈز ری پبلک کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا رشتہ کتابوں سے جوڑ کر مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ہر سطح پر حمایت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہماری ایک اہم قومی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھی کاوشوں کے نتیجے میں ان خوابوں کی تعبیر یقینی بن جائے گی جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔ صدر مملکت نے قومی کتاب میلے کے موضوعات میں تنوع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے معاشرے کے تمام طبقات کی دلچسپی کتاب سے وابستہ ہو جائے گی جس سے صحت مند رجحانات قوی ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد پاکستان معاشی استحکام کی منزل پر پہنچ جائے گا لیکن اس کے لیے سخت محنت اور اس عہد کے علوم و فنون پر مکمل مہارت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل بک فاؤنڈیشن سمیت تمام اشاعتی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ طالب علموں ، محقیقین اور ٹیکنوکریٹس کے لیے کتابوں میں کبھی کمی نہ آنے دیں۔ یہ کام مشنری جذبے کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژ ن ملک میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تن دہی سے کام کررہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژ ن کے سیکریٹری انجینئر عامر حسن اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے بھی خطاب کیا.
اے پی پی/وسیم