حکومت ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

367

اسلام آباد،6دسمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ فیڈرل گورنمنٹ سپورٹس کوآردینشین کمیٹی ( ایف ایس سی سی ) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بین الصوبائی رابط کاری کے علاوہ دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس کے علاوہ سپورٹس کی صوبائی اور قومی پالیسیوں نیشنل گیمز 2019ءکے انعقاد اور 13ویں ساوتھ ایشیائی گیمز 2019ءکی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ مزید برآں 32ویں اولمپک گیمز 2020کی تیاریاں بھی زیر غور آئیں ۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اجلاس کے شرکاءکا خیر مقدم کیا ۔جس کے بعد انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اختیارات کی منتقلی کے بعد کھیلوں کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے تاہم چونکہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اس لئے مرکز اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری زیادہ بہتر ہے ۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان میں کھیلوں کے گرتے ہوئے معیار کی وجوہات کا پتہ چلانے پر زور دیا اور شرکاءسے مرکز اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لئے رائے طلب کی ۔ اجلاس میں کھیلوں کا معیار بڑھانے کے طریقوں اور درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے وزیر کھیل و نوجوانان محمد تیمور خان ، بلوچستان کے وزیر کھیل عبد الخالق ، سیکرٹری سپورٹس سندھ ہارون خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کے پی کے جنید خان ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ جمیل احمد ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خاقان بابر اور سپورٹس بورڈ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔

 

اے پی پی/احسن/حامد بلال