پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان ، 100 انڈیکس میں 358.44 پوائنٹس کا اضافہ

260

اسلام آباد ، جنوری 22(اے پی پی): پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 358.44 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 39,902.21 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بازار حصص میں آج کاروبار کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 39 ہزار 543پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا ابتدائی ایک گھنٹے میں ہی انڈیکس میں 50 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 39 ہزار 594 پر چلا گیا۔ مثبت رجحان اور مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور وہ متحرک نظر آئے جس کے باعث مارکیٹ مثبت زون میں ہی ٹریڈ کرتی رہی۔ ایک وقت میں انڈیکس میں 210 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 39754 پوائنٹس پر چلا گیا ۔ دوسرے سیشن میں بھی مثبت رجحان جاری رہا اور انڈیکس میں 413 پوائنٹس تک کا اضافہ بھی ہو ا اور انڈیکس 39 ہزار 957 پوائنٹس پر چلا گیا ۔ کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا اور انڈیکس کا اختتام بھی 358.44 کے اضافے کے ساتھ ہوا۔

آج کے ایس ای 30 انڈیکس میں 221.44 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد30 انڈیکس 19,149.77 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 159.54 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ29,238.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں آج 13 کروڑ67  لاکھ سے زائد شیئرزکا کاروبار06 ارب81 کروڑ روپے سے زائد میں ہوا جبکہ کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک ، فوجی فوڈز لیمیٹڈ، کے الیکٹرک اور بی او پنجاب سرفہرست رہے۔

اے پی پی / سعیدہ /نائلہ

وی این ایس اسلام آباد