مسلم لیگ ن کی قیادت کو درپیش مسائل کا حل ورکرز کنونشن نہیں عدالتیں ہیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

307

اسلام آباد، 13جولائی(اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کو درپیش مسائل کا حل ورکرز کنونشن نہیں عدالتیں ہیں،آجکل بہت سی چیزیں میڈیا کی زینت بنی ہوئی  ہیں ،جسے کل  وزیر قانون نے تفصیل سے بھی  بیان کیا، جہاں ان سے ثبوت مانگے ہیں وہاں یہ فرار حاصل کرتے ہیں۔

ہفتہ کو یہاںوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ کرپٹ ٹولے   کیلئے  گوڈ فادر اور سیسیلین مافیا کا نام عدلیہ نے لیا تھا، مافیا کے راستے میں اگر کوئی آتا ہے تو اسے پہلے بلیک میل کیا جاتا ہے، اگر بعض نہ آئے تو طاقت کا استعمال ہوتا اور آخر میں اسے ختم کروایا جاتا ہے اور ایسا عابد باکسر جیسے پولیس افسران سے کرایا جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ جج ویڈیو سکینڈل پر جب تک سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرتی کچھ نہیں کہا جا سکتا، ان کا ایفی ڈیوڈ آنکھیں کھولنے کے لئے ہے جو مافیا کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ سابق کٹھ پتلی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  نے  اپنے دور میں ملکی معیشت کو زہر کے ٹیکے لگائے،سابق وزیراعظم نے اپنے مختصر عرصے میں بے پناہ اخراجات کئے۔ انہوں نے 2017میں 9غیر ملکی دوروں میں 24دن باہر گزارے اور ایک سو نو افراد کو ہمراہ لے گئے۔انہوں نے قومی خزانے سے گیارہ کروڑ سترہ لاکھ 40ہزار روپے خرچ کئے۔ سابق وزیراعظم نے 2018میں 10غیر ملکی دوروں میں 26دن باہر گزارے اور 105افراد ان کے ہمراہ تھے جس پر 14کروڑ 78لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی نے 54لاکھ 80ہزار روپے ٹپ دی جبکہ 12.26 ملین ٹی اے ڈی اے کی مد میں لیا،8.99 ملین کے اپنی ذات کے لئے کھانے کھائے اور ہوٹلوں میں 75.1 ملین خرچ کئے گئے۔

سندھ میں صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اب یہ سمجھ گئے ہیں کہ ان کے مسائل کی بڑی وجہ بدعنوانی ہے۔ سندھ کی عوام نے آپ  ان سے  ناتا توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ہم چاہتے ہیں سندھ میں شفاف ضمنی  انتخابات ہوں، اس حلقے میں وزیر اعلیٰ سندھ اور پولیس کی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کا امیدوار الیکشن لڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بلاول سندھ میں بیمار بچوں کی اموات کوسنجیدگی  سے لیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  مزید کہا کہ ہمیں تاجروں کی مشکلات کا علم ہے، جو مسائل ہیں اس پر بات چیت کرنے میں حرج نہیں ہے، اگر کوئی مڈل مین سیاسی ماحول کے لئے ایسا کر رہا ہے تو غلط ہے،تاجروں کے لئے دروازے کھلے ہیں ہڑتال کی ضرورت نہیں ہے۔

میڈیا  کی آزادی  کے معاملے پر بات کرتے ہوئے  معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ چیلنچ کر  کے کہہ  رہی ہوں کہ پاکستان کے اندر ہر صحافی جو جو چاہتا ہے لکھ رہا ہے،وزارت اطلاعات کی  جانب سے کسی صحافی  پر کوئی پابندی نہیں لگائی  گئی ہے، اگر کسی صحافی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو مجھے بتائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ میڈیا نے ڈان لیک بیانئے اور عدلیہ پر حملے بھی لائیو دکھائے، پیمرا کے قوائد موجود ہیں،کسی بھی صحافی کا ٹوئیٹر اکاونٹ بند نہیں ہے، بعض لوگ صحافی بن کر ملکی سلامتی کے خلاف بولتے ہیں، وزیراعظم کا دورہ امریکہ بعض عناصر کو پسند نہیں آ رہا، اس لئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں۔

وی این ایس، اسلام آباد