پاکستانی پارلیمنٹیرینز نے پہلا پارلیمنٹیرینز کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا

235

اسلام آباد، 13 جولائی ( اے پی پی): پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر پہلا پارلیمنٹیرینز کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔

 لندن کے کینٹ کاﺅنٹی گراﺅنڈ میں پاکستان کے پارلیمنٹیرز پر مشتمل ٹیم نے فائنل میچ میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے اور بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو26رنز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ فائنل میچ کو شائقین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ قومی اسمبلی پاکستان کے سپیکر اسد قیصر اور قومی کرکٹر جنید خان سمیت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران اور ان کے اہل خانہ نے بھی دیکھا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم کو  بیٹنگ کی دعوت دی۔ ان کی پوری ٹیم مقررہ20اوورز میں 104رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے مرتضیٰ محمود اور احمد کنڈی نے تین تین جبکہ ٹیم کپتان زین قریشی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 پاکستانی پارلیمنٹیرنز نے105رنز کا ہدف12ویں اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پرحاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے علی امین گنڈا پور نے 52اور علی زاہد نے26رزنز بنا کراپنی ٹیم کی فتح میں کلید ی کردار ادا کیا۔

فائنل سے قبل پاکستان اور افغانستان کے مابین پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 101 بنا کر آوٹ ہوگئی ۔پاکستان کی طرف سے مرتضی محمود نے تین جبکہ کپتان زین قریشی اوراحمد کنڈی نے دو دو وکٹیں لیں۔

102رنزکا ہدف پاکستان کی ٹیم نے14اوورز میں محض2وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے علی زاہد 36 جبکہ علی امین گنڈاپور 35 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

سورس :وی این ایس اسلام آباد