وزیراعظم عمران خان کا واشنگٹن میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں اور کارکنوں سے خطاب

282

واشنگٹن 24 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور باصلاحیت قوم ہے، صدر ٹرمپ نے بھی پاکستانیوں کی ذہانت اورصلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔

واشنگٹن میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتاتھا۔انہوں نے بتایا  کہ  میں اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، ان کو زندگی میں بہت محنت کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عزت نفس اور خود اعتمادی ضروری ہے  کیونکہ  خود اعتمادی سے انسان بڑی سے بڑی کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں میں خود اعتمادی کا فقدان ہے۔ وزیراعظم نے کرکٹ مقابلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے سے پہلے کسی کو اپنے سے طاقتور سمجھنا کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔

 وزیراعظم  عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری سے اردو میں بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے  ہدایت کی کہ قومی وقار اور غیرت پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ  عزت نفس بڑی چیز ہے۔ مدینہ کی ریاست کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

وی این ایس، واشنگٹن