پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات اہم کردار ادا کر رہی ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

332

اسلام آباد، 01اگست(اے پی پی ): وزیر اعظم  کی معاون خصوصی برائے  اطلاعات ونشریات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات  اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ہم نادر تصاویر کو محفوظ کر کے تاریخ نوجوان نسل تک پہنچا رہے ہیں جبکہ تاریخی اثاثے کو ڈیجیٹلائز کر کے محفوظ بھی کیاجا رہا ہے۔

یوم آزادی کے سلسلے میں تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ پاکستان سے متعلق معلومات حاصل کرنیوالا قائداعظم کی زندگی سے متعلق بھی جاننا چاہتا ہے۔ جن کیلئے قائداعظم کی  تمام نادر تصاویراب  ویب سائٹ اور انٹر نیٹ پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے  کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ ایک قیمتی اثاثہ محفوظ کر لیاگیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کی  منزل ہم سب کو مطمع نظر ہے۔ جس مقصد کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا آج اسکو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان سیاسی ایجنڈے سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ عمران خان دنیا کے سامنے پاکستان کی پہنچان اور شناخت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ قائدا عظم ایسے پاکستان کے خواہاں تھے جو دنیا کی قیادت کرے۔ اصل پاکستان امرا یا کسی خاص طبقے کے لیے وجود میں نہیں آیا تھا۔وزیراعظم مشکل ترین حالات میں قائد کے خواب کی تعبیر کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان کی عوام کی   اصل آزادی معاشی استحکام کیساتھ جڑی ہے۔

فردوس عاشق اعوان  نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو تعمیر پاکستان کی طرف لیکر جا رہے ہیں۔ملک میں اصلاحاتی ایجنڈا قائد اعظم کے وژن کا عکاس ہے۔نیا پاکستان قائد اعظم کے تصور سے جڑا ہوا ہے۔ جمہوریت میں جمہور کے حقوق کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

سورس: وی این ایس اسلام آباد