نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے آن لائن پورٹل تیار ،شخصی ضمانت کی شرط ختم،افتتاح ستمبر کے پہلے ہفتے ہوگا

177

اسلام آباد، 22اگست(اے پی پی ): وزیرِ اعظم عمران خان کو نوجوانوں کی ترقی اور انکوکاروباری مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں شروع کیے جانے  والے “کامیاب جوان”پروگرام  پر بریفنگ دی گئی ،  اس  پروگرام کا باقاعدہ آغاز وزیرِ اعظم ستمبر کے پہلے ہفتے میں کریںگے۔

  معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے وزیرِ اعظم کو کامیاب جوان پروگرام پر بریفنگ دی اور پروگرام کے خدو خال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ سٹرٹیجک روڈ میپ کے پہلے مرحلے میں نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا جا چکا ہے اور نیشنل یوتھ کونسل  تشکیل دی جا چکی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں کامیاب جوان پروگرام کا باقاعدہ اجراء ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم (Youth Entrepreneurship Scheme)، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان (اسکل فار آل)، اور نیشنل انٹر پرینیورپروگرام شروع کیے جائیں گےجبکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک مخصوص پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس  کے تحت  پروگرام سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کا تمام ریکارڈ مرکزی سطح پرجمع ہو سکے گا اور مستند اور قابل اعتماد ڈیٹا میسر آئے گا۔

ماضی کے پروگرام اور موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے کامیاب جوان پروگرام کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرض فراہم  کے لیے دودرجے بنائے گئے ہیں۔ پہلی درجہ بندی میں نوجوانوں کو  اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک سے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے جبکہ دوسری سطح پر پانچ سے پچاس لاکھ تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے قرض کے حصول کے لئے کسی تیسرے فرد کی جانب سے بنکوں کو گارنٹی فراہم کرنے کی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے اور نوجوان براہ راست پورٹل کے ذریعے بنکوں سے قرض حاصل کر سکیں گے۔اس ضمن میں پہلے مرحلے میں تین بنک (نیشنل بنک، بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب) نوجوانوں کو براہ راست قرض فراہم کریں گے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پورٹل کے قیام کا مقصد پروگرام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا اور قرضوں کے حصول   میں میرٹ کی بنیاد پر قرض فراہم کرنا ہے۔ پورٹل کی مدد سے نوجوان آن لائن درخواستیں جمع کرائیں گے جو نہ صرف فوری طور پر بنکوں تک پہنچیں گی بلکہ وزیرِ اعظم آفس میں بھی اس کامکمل ریکارڈ موجود ہوگا اور اس پورے عمل پر نظر رکھی جاسکے گی تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پانچ سالوں میں ایک سو ارب روپے تک کے قرضے تقریبا ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کا حصول نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔