سعودی عرب؛ پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی تقریب، اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کی شرکت

323

ریاض،10ستمبر(اے پی پی): سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے  تقریب منعقد ہوئی جس  میں چین، یوکے، نائجیریا، انڈونشیا،  ملائشیا،سوڈان، ویت نام اور دیگر اہم ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشی شریک ہوئے جبکہ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہے جس نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے کامیاب آپریشن کرکے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کیا ہے، پاکستان کی تینوں مسلح افواج جہاں ملک کی سرحدوں کی حفاطت کو یقینی بنا رہی ہے وہیں پر خطے میں امن قائم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں  نے کہا کہ  کشمیری عوام گزشتہ ایک ماہ سے بھارتی فوج کے کرفیو کے باعث یرغمال ہو کر رہ گئے ہیں اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ اس جانب توجہ دے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔

پاکستانی سفارت خانہ کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ہارون اسحاق راجہ نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج ملک کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور اگر بھارت نے جارحیت کی تو اسکا منہ توڑ جواب دیا جاے گا۔ پاکستان آرمی نے دنیا بھر میں امن فوج میں بھی بے مثال کردار ادا کیا ہے جس کو پوری دنیا سراہتی ہے۔

وی این ایس، سعودی عرب