بھارتی اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت پر براہ راست حملہ،مسئلہ کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر عارف علوی

165

باکو، 25 اکتوبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور استحکام امن و سلامتی کے لئے لازم و ملزوم ہیں، بھارتی اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت پر براہ راست حملہ ہیں،مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان افغان مسئلے کے پرامن اور سیاسی حل کے لئے کردار ادا رہا ہے، پاکستان پائیدار عالمی امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو یہاں غیر وابستہ تحریک کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پائیدار ترقی اور استحکام امن و سلامتی سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان پڑوسی ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاکستان خطے میں اختلافات کے خاتمے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان افغان مسئلے کے پرامن اور سیاسی حل کے لئے کردار ادا رہا ہے، پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے۔

صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ 70 سالوں سے غیر ملکی تسلط کا شکار ہیں۔ پانچ اگست کا بھارتی اقدام یو این چارٹر، عالمی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے 80 لاکھ کشیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔ بھارتی اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت پر براہ راست حملہ ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد دہشتگردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق کی جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حق خودرادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جس کی عالمی قوانین میں ضمانت دی گئی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نسل پرستی اور اسلامو فوبیا جیسے رجحانات سے نمٹنے کے لئے مربوط کاوشیں درکار ہیں۔ پاکستان پائیدار عالمی امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد