اقوام عالم اپنے مفادات کے بجائے انسانیت کے مفاد میں فیصلے کریں :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

190

اسلام آباد ، 13 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسانیت کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے، بعض اقوام پھر بھی اپنے مفادات کا سوچ رہی ہیں،قوام عالم اپنے مفادات کے  بجائے انسانیت کے مفاد میں فیصلے  کریں۔ ترقی یافتہ اور غریب ممالک میں زندگی کے الگ الگ اقدار ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے مفادات  کے بجائے انسانیت کو ترجیح دیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں  خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اچھے ہمسائے ایک نعمت ہوتے ہیں اور امن وسلامتی کا انحصار اچھے تعلقات پر ہوتا ہے۔ بچوں کے ذہنوں میں امن اور محبت کا فروغ ضروری ہے۔بچے نفرت اور تعصب سے پاک ماحول میں  پرورش پائیں گے تو اس سے ان میں امن، دوستی اور محبت کا جذبہ پیداہوگا۔

صدر مملکت  نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے 35 لاکھ پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے اور اسی طرح آج شام میں بھی 35 لاکھ سے زائد پناہ گزین ہیں۔ انسانی نسل کو کئی مسائل درپیش  ہیں تاہم بعض اقوام پھر بھی صرف اپنے مفاد میں سوچ رہی ہیں۔ اکثر کثیر القومی کمپنیاں ملکوں سے بھی زیادہ طاقتور بن چکی ہیں اور وہ بعض معاملات کو ہائی جیک بھی کر لیتی ہیں جبکہ  گلوبل وارمنگ جیسے مسائل کا بھی ہمیں سامنا ہے، اس طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ لیگ آف نیشن کے بعد ہم نے دیکھا کہ اقوام متحدہ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ دنیا میں بعض اقوام اپنے مفادات کے لئے جو کچھ کررہی ہیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں بہت تباہی ہوئی ، ناگا ساکی اور ہروشیما میں ایٹم بم استعمال کیا گیا۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم نے کامیابی کے ساتھ دہشت گردی پر قابو پایا ہے اور اس کو ختم کرنے میں  30 سال کا عرصہ صرف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باکو میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر بھی  بات کی تھی۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب کے دوران 1961ء میں  آٹھویں کلاس میں تحریر کردہ اپنا ایک مضمون پڑھ کر سنایا جو   اچھی ہمسائیگی کے موضوع  پر تحریر کیاگیا تھا۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download video