سعود شکیل ،آئی  سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں قومی  ٹیم کی قیادت کریں  گے

224

 

اسلام آباد، 15 نومبر ( اے پی پی): 12 سال کی عمر میں کراچی سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے  والا  چوبیس  سالہ سعود شکیل بنگلہ دیش میں جاری آئی  سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سعود شکیل لیفٹ آرم اسپن باؤلنگ کا ہنر بھی جانتے ہیں۔2012میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سعود شکیل  2013 میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے  ہیں۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے 2 سال بعد اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے سعود شکیل 35 فرسٹ کلاس میچوں میں 2099 رنز بناچکے  ہیں۔ 43.72 کی اوسط سے رنز اسکور کرنے والے  مڈل آرڈر بلے باز کے فرسٹ کلاس کیرئیر میں 6 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ میں نوجوان کرکٹر کا سب سے زیادہ اسکور 121 رنز ہے۔ 59 لسٹ اے میچز میں49.72کی اوسط سے2138 رنز بنانے والے سعود شکیل کا بہترین اسکور 134 رنز کی ناقابل شکست اننگز ہے۔ وہ اپنے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیرئیر میں بالترتیب 16 اور 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ابتدائی فرسٹ کلاس سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سعود شکیل کو قومی اے کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع بھی مل چکا ہے۔

سعود شکیل کا کہنا ہےکہ بطور بائیں ہاتھ کے بلے باز سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کمارا سنگاکارا  کی بیٹنگ نے  انہیں بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی نمائندگی کے دوران سینئر کرکٹرز سرفراز احمد اور اسد شفیق نے انہیں بہت اسپورٹ کیا ہے۔ سعود شکیل کا کہنا ہےکہ وہ اس سے قبل بھی اعجاز احمد کی کوچنگ میں کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز احمد بے  خوف کرکٹ کھیلنے پر زور دیتے ہیں اور وہ بنگلہ دیش میں جاری ٹورنامنٹ میں بھی اسی حکمت عملی کے ساتھ  میدان میں اتریں گے۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین  روحیل نذیراور اوپنر حیدر علی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں جبکہ عمیر بن یوسف اور عماد بٹ نےملک بھر میں جاری  ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سعود شکیل کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد حسنین اور خوشدل شاہ کا تجربہ ایونٹ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

آئی  سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں قومی اسکواڈ میں سعود شکیل (کپتان)، روحیل نذیر (نائب کپتان)(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عمیر بن یوسف، حسن محسن، خوشدل شاہ، سیف بدر، عمران رفیق، محمد محسن، عاکف جاوید، محمد حسنین، ثمین گل، عماد بٹ، محمد اسداور عمر خان شامل جبکہ ریزرو  کھلاڑیوں میں حسین طلعت، عادل امین، محمد حارث اور عامر علی شامل ہیں۔

وی این  ایس،  اسلام آباد