معاشی اشاریوں میں بہتری پر وزیراعظم کی حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد

140

اسلام آباد، 19 نومبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے  اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  ہے کہ  کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ، معاشی اشاریوں میں بہتری پر وزیراعظم نے  حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیرقانون فروغ نسیم  کے ہمراہ  کابینہ کے  اجلاس کے بعد  میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ گزشتہ 4سال میں  پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، معاشی اشاریوں میں بہتری یقیناً معاشی ٹیم کی کارکردگی کا ثبوت ہے جس  کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موثر معاشی پالیسیوں سے مقامی اور بیرونی سرمایہ کا روں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ جیل اصلاحات موجودہ حکومت کا عزم ہے،وزیر اعظم  نے سسٹم کو بدلنے کیلئے اصلاحات جلد لانے کی ہدایت کی ہے،عمر رسیدہ  قیدی ، معمولی جرائم  کی خواتین قیدیوں  کا ڈیٹا بنک اکٹھا کیا جائے گا ، کریمنل جسٹس سسٹم کو ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ  کابینہ اجلاس میں وزیر توانائی نے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر بریفنگ دی،کابینہ نے قابل تجدید توانائی روڈ میپ کی منظوری دی جبکہ کابینہ اجلاس میں سی پیک  سے متعلق جے سی سی کے فیصلوں  اور نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری بھی  دی گئی ہے۔

معاون خصوصی برائے  اطلاعات نے  مزید کہا کہ کابینہ نےنواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پرعلاج کیلئے  باہر  جانے  کی   اجازت  دینے کےوزیراعظم کے فیصلے کو سراہا ہے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم  کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے،عمر رسیدہ ، معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی فہرستوں کی تیاری کا عمل جاری ہے،کابینہ معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کے معاملے کا جائزہ لے گی۔

فروغ نسیم نے کہا کہ انڈیمنٹی بانڈ کے حوالے سے ن لیگ کو  سیاست نہیں کرنی چاہیےتھی،2004میں جہانگیر بدر سے 2لاکھ روپے کے  انڈیمنٹی بانڈ لیے گئے،انڈیمنٹی بانڈ کے حوالے سے فیصلہ جنوری میں ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل سب کے لیے یکساں ہے،اپوزیشن کے خلاف وزیراعظم یا میرا کوئی ایجنڈا نہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کیلئے   حکومت کی 4ہفتے کی  اجازت تسلیم کی،اگر نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف پر توہین عدالت عائد ہو گی،حکومت کے پاس توہین عدالت کا کوئی اختیار نہیں، یہ عدالت کا اختیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا نواز شریف کیلئے کیا گیا فیصلہ کا بیشتر حصہ ہائیکورٹ میں تسلیم کیا گیا ،نواز شریف کو قانون کے مطابق صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کا امکان موجود ہے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ  وفاقی کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اعلیٰ عدلیہ  کے فیصلے موجود ہیں کہ عبوری حکم پر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت نہیں ہوسکتی،حتمی فیصلے کی صورت میں حکومت چاہے تو اپیل کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  آصف علی زرداری کی طرف سے بیرون ملک علاج کیلئے کوئی درخواست موصول ہوتی ہے تو حکومت اس پر غور کرے گی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد