معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے نامور ساﺅتھ انڈین اداکارہ پونم کور کی ملاقات

174

اسلا  م آباد، 19نومبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے نامور ساﺅتھ انڈین اداکارہ پونم کور نے  منگل کو  یہاں ملاقات کی  ۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے  پونم کور کو  پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق  اعوان نے کہا کہ  کرتار پور رہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم اور روشن مثال ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے راہداری کی صورت محبت کا بیج بویا ہے۔ بابا گرونانک دیو جی نے انسانیت اور رواداری کا درس دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے ، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔

ساﺅتھ انڈین اداکارہ پونم کور نے کہا کہ  پاکستان آ کر بے حد خوشی محسوس ہوئی ، میں وزیر اعظم عمران خان ، نوجوت سدھو،دونوں ممالک کی حکومتوں اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتی ہوں جس نے کرتا پور راہداری کھولنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے  کہا کہ  میں پاکستان سے خوبصورت یادیں لے کر واپس جا رہی ہوں۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد