پشاور، 25 فروری(اے پی پی): ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور خصوصی افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے ہر قسم کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے کیونکہ یہ بھی ہمارے معاشرے کے دیگر افراد کی طرح اہمیت اور خصوصی توجہ کے حامل ہیں اور ان کو کارآمد شہری بنانے میں ٹریفک پولیس ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے معذور شخص کو ٹرائی پاس کرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ایم ایل اے جہانزیب تنولی بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ اکثر معذور افراد لائسنس حاصل کرنے کے لئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر تشریف لاتے ہیں جن سے ان کی سہولت کے مطابق ان کی اپنی خصوصی گاڑیوں پر ٹرائی لی جاتی ہے اور ان کو ڈرائیونگ لائسنس کااجراء کیا جاتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے تمام عملے کو واضح ہدایات دی گئی ہے کہ ٹریفک ہیڈکوارٹر آنے والے ہر شہری کو سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیاد پر فراہم کی جائے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا عملہ دیگر شہریوں کی طرح خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
وی این ایس، پشاور











