سکھر،24فروری(اے پی پی):سندھ ہائی کورٹ سکھرنے نیب کے زیر حراست سید خورشید شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی، سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جسٹس امجد حسین سہتو اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل خصوصی بنچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ کیجانب سے دائر ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران خورشید شاہ کی جانب سے عدالت میں ملک کے معروف قانون دان و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور مکیش کمار کارڑا پیش ہوئے ،سماعت کے دوران خورشید شاہ کے وکلاءنے مختصر دلائل دیئے تاہم نیب کے پراسیکیوٹر نے ضمانت کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس کا جواب دینے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی ،عدالت نے ان کی درخواست پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ان دنوں جیل کسٹڈی میں سکھر کے این آئی سی وی ڈی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور نیب نے ان کے ان کی بیگمات، بیٹوں، بھتیجوں سمیت اٹھارہ افراد کے خلاف ایک ارب 24 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس سکھر کی احتساب عدالت میں دائر کررکھا ہے۔
وی این ایس، سکھر











