معاشرے کے محروم افراد کو کارآمد شہری بنانا بہت بڑی خدمت ہے:صدر مملکت

225

لاہور،22 فروری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے لوگ بہت عظیم ہیں، معاشرے کے محروم افراد کو کارآمد شہری بنانا بہت بڑی خدمت ہے، دنیا میں 30 سے 40فیصد لوگ ڈپریشن کا شکار ہیں ، ڈبلیو ایچ او کی طرز پر اسلام آباد میں سکول ٹیچرز کی مدد سے بچوں کے ذریعے ڈپریس والدین کا علاج کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

ہفتہ کو یہاں فاؤنٹین ہاؤس میں ورلڈ سائیکاٹرک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام “آٹزم اینڈ چائلڈ سائیکاٹری” کانفرنس سے خطاب کر تے  ہوئے  صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ اس  سے  پہلے ایسے اداروں میں نہیں گئے اور انہیں یہاں آکر اس بات کی خوشی ہو رہی ہے کہ دنیا میں اس طرح کے جتنے بھی بہترین ادارے ہیں ان میں ایک یہ بھی ہے،یہاں آ کر معلوم ہوا کہ فاؤنٹین ہاؤس دنیا کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے ،اس طرح کے اداروں میں آکر دلی سکون ملتا ہے اور حقیقی خوشی حاصل ہوتی ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ ان کی اہلیہ ثمینہ علوی اس طرح کے کاموں میں ان ہمیشہ معاون رہیں، اس سے پہلے انہوں نے بریسٹ کینسر پر پورا مہینہ کام کیا اور اب انہوں نے معذور افراد کے لئے کام کرنے کی ٹھانی ہے، کوشش ہے کہ ایک کال سنٹر کا قیام عمل میں لاؤں جہاں پر ڈپریشن اور نفسیاتی دباؤ کا شکار لوگوں کو فون کالز کے ذریعے سکون اور آرام حاصل ہو۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ طبقاتی نظام ایسا بن چکا ہے کہ ہمیں دوسروں کا پتہ ہی نہیں چلتا، ہمیں ان رکاوٹوں کو بھی توڑنا ہوگا، رمضان المبارک میں ہم نے سپیشل بچوں کو افطار پر بلایا تو انہوں نے اتنی خوبصورت باتیں کیں کہ مجھے لگا کہ ساری پارلیمنٹ کو ساتھ ہونا چاہیے تھا، اس لئے جب وہ خود دیکھتے ہیں تو دلوں میں جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں نے لیڈروں کو دیکھا ہے کہ ان کو اپنی اولاد یا رشتہ داروں کے ذریعے ایسے سپیشل افراد سے واسطہ پڑا تو ان کی دنیا بدل گئی اور ان میں خدمت کا جذبہ بہت زیادہ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ محبت ایک ایسی زبان ہے اور طریقہ علاج ہے جس سے ہر کوئی نہ صرف صحت یاب ہوتا ہے بلکہ دوسروں کے لئے بھی مثال بن جاتا ہے، بچے ادویات کے ساتھ ساتھ محبت سے بہت سیکھتے ہیں، گونگے بہرے بچوں سے جب بھی ملا وہ گلے ملتے ہیں جس سے محبت بڑھتی ہے اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ خوشیوں کیلئے مال و زر ہونا ضروری نہیں ٗ اصل خوشی دوسروں کو خوشی فراہم کرناہے

بانی چیئرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، صدر ورلڈ سائیکاٹرک ایسوسی ایشن ڈاکٹر افضل جاوید، پروفیسر محمد وقار عظیم، ناصرہ جاوید اقبال، ایم ایس فاؤنٹین ہاؤس ڈاکٹر سید عمران مرتضیٰ ،عائشہ عمران ،ڈاکٹر کامران شمس ،ڈاکٹر ہمایوں احسان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وی این ایس ، لاہور