اسلام آباد، 26فروری(اے پی پی):چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سی سپارک 2020 کے دوران مشق کے کمانڈ سینٹر، کریکس ایریا اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق سی سپارک 2020 کے کمانڈ سینٹر آمد پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے نیول چیف کا استقبال کیا اور مشق کے دوران آپریشنل سرگرمیوں اور اثاثوں کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ترجمان کے مطابق دورے کا مقصد مشق سی سپارک کے تناظر میں آپریشنل تیاریوں اور کوسٹل کمانڈ کے آپریشنل پلانز کا جائزہ لینا تھا۔
بعد ازاں کریکس ایریا اور اگلے مورچوں کے دورہ کے موقع پر شاہ بندر آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔
اس مو قع پر نیول چیف نے کریکس جیسے پیچیدہ علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
دورے کے دوران نیول چیف نے کریکس ایریا میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم کو بھی سراہا۔
وی این ایس ، اسلام آباد











