وزیر خارجہ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے  ملاقات ، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

260

دوحہ ،29 فروری(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  ہفتہ  کو  یہاں  افغان امن عمل کانفرنس کے موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل والادی میرنوروف سے ملاقات  کی    ہے ، ملاقات میں  افغان امن عمل، علاقائی تعمیر و ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے    کہا کہ علاقائی تعمیر و ترقی کیلئے رکن ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پاکستان خطے میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیکرٹری جنرل ایس سی او نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ اور مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔

وی  این ایس ، اسلام آباد