اسلام آباد، 25فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ریلوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مارچ میں وزارت پلاننگ سے منظوری کے بعد پشاور-کراچی مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ رواں مالی سال میں ہی شروع ہو جائے گا۔ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے، چینی شراکت داری سے پاکستان میں ریل کا نقشہ بدل جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے منگل کو یہاں چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جِنگ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین جاری ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ منصوبوں پر کام کی رفتارمزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ کراچی سر کلر ریلوے کی بحالی کے لئے اقدامات کو تیز کی جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی بھی خواہش ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ اور کے سی آر کی بحالی جلد سے جلد مکمل ہوجس کے لئے چین سے مل کر ضروری اقدامات لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سو کلو میٹر ایم ایل ون منصوبے پر تقریباً نو ارب ڈالر لاگت آئیگی جبکہ یہ منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے ایم ایل ون منصوبے میں گہری دلچسپی پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ رشید نے چین میں کرونا وائیرس سے ہلاک ہونے والوں پر چینی سفیر سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت ، چین کے ساتھ ہے ۔
اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جِنگ نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے روڑ اور ریل انفرا سٹرکچر کو تیزی سے ترقی دینا نا گزیر ہے۔اس سلسلے میں پاکستان ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ پاکستان اور چین تمام حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ملاقات میں میں سیکرٹری / چئیرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی بھی موجود تھے۔
وی این ایس، اسلام آباد











