پیرا  کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیسوں کے نفاذ کو یقینی بنائے    وفاقی وزیر برائے وزارت وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

227

اسلام آبادفروری19 (اے پی پی )؛وفاقی وزیر  برائے وزارت وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ والدین اپنی  آمدنی اور نجی ادارے کی فیس کو مدنظر رکھ کر جب بچوں کو داخل کراتے ہیں تو کسی کا کوئی شکوہ نہیں ہو تا مگر جب نجی ادارے اچانک فیسوں کو بڑھا دیتے ہیں تو یہ امر والدین کی پریشانی کا سبب بنتا ہے۔پیرا  کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیسوں کے نفاذ کو یقینی بنائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیر اکی موجودہ چیئرپرسن نے ادارے کے مردہ گھوڑے میں جان ڈال دی ہے اور کم فیس والے نجی اداروں کے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ان کا احسن اقدام ہے ۔پیرا مستقبل میں بھی اس عمل کو جاری رکھے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیرا کی چیرپرسن ضیا بتول نے کہا کہ اس وقت پچیس پچیس اساتذہ  پر مشتمل بیچز کی تربیت کرائی جا رہی ہے۔ اور ان 6 ماہ کے مختصر عرصہ میں500 اساتذہ کی تربیت کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جتنی طلبہ کے لیے تعلیم ضروری ہے اتنی ہی اساتذہ کے لیے تربیت ضروری ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر نے یونین کونسل جھنگی سیداں ،جی پندرہ میں سکول کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا ،سنگ بنیاد کی تقریب میں وفاقی وزیر کے ہمراہ ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات سید عمیر جاوید، پی ٹی آئی کے رہنمائ عامر مغل سمیت اہل علاقہ کی کثیرتعداد بھی موجود تھی ۔ سکول کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھاکہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس کے بعد جی تیرہ اور پاک  ٹاون میں بھی جلد سکولز اور کالجز کی تعمیر کا کام شروع ہو گا۔موجودہ حکومت نئے سکولز بنانے کے ساتھ ساتھ پرانے سکولز کی بہتر ی کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔شہرکے تمام سکولوںکو پورے ملک کے لیے مثالی بنائیں گے۔

           وفاقی وزیر برائے وزارت وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے ریاست کی کمی کو پوراکرتے ہوئے نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں ،پیرا کی موجودہ چیئرمین نے نجی تعلیمی اداروں کی فلاح اور ادارے کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیاہے جس سے ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی تعلیمی اداروں کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹیٟپیرا کی جانب سے اپنی نوعیت کے پہلے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چیئرپرسن پیرا مس ضیائ بتول ،نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان،ورکشاپ میں شرکت کرنے والے 25مختلف تعلیمی ادا روں کے اساتذہ کرام اور معروف نجی تعلیمی اداروں کی چین سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے، تقریب میں ورکشاپ کے شرکا کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔اپنے خطاب میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ کہا کہ پیرا  کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پیرا   نہ صرف نجی تعلیمی اداروں کو قوانین کے تحت چلانے کا ذمہ دار ہے بلکہ انکی بہتری کے لیے کام کرنا اور ان کے معیار مقرر کرنا بھی اسکی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں 1680 نجی تعلیمی ادارے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں اگر ریاست اپنی تعلیمی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرتی تو نجی سکولوں کی اتنی ضرورت نہ رہتی۔

وی این ایس

Download Video