پشاور،8 اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کےمشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کل دوپہر سے 12 ہزار روپے کی مالی امداد مستحقین کو موصول ہونا شروع ہوجائیگی جس کیلئے صوبے میں 22 لاکھ مستحق خاندانوں کی نشاندھی کی جا چکی ہے۔
کرونا وائرس کے بارے نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ تمام تر ٹرانزیکشنز انلائن ہونگی اور مستحقین کو کیش امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتک صوبے بھر سے کرونا کے 527 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے اور 527 کیسز میں سے ابتک 18 اموات ہوئی ہیں۔
اجمل وزیر نے قرنطینہ مراکز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں کل 272 کوارنٹائین سنٹرز اور 110 ائیسولیشن سنٹرز قائم ہیں، ان کوارنٹائین سنٹرز سے 37 افراد آج اور 27 افراد کل صحتیاب ہوکر گھروں کو بھیج دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کی واپسی کے لیے 6-9 اپریل تک طورخم بارڈر کھول دیا گیا ہے جس میں ابتک 15956 افغان باشندوں کی واپسی ممکن ہوئی ہے۔
مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے مزید بتایا کہ آنے والے دن ںہت اہم ہیں اسلئے عوام سے اپیل ہے کہ حکومت کا ساتھ دے کر اس وباء کا خاتمہ ممکن کرنے میں مدد کریں۔
اے پی پی /صائمہ حیات/حامد











