کوئٹہ، 06 اپریل (اے پی پی): بلوچستان پولیس نے لاٹھی کے بجائے پیار و محبت اور شعوری آگاہی کے ذریعے لاک ڈاون پر عمل درآمد کے لیے شہریوں کو قائل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں عوامی ہجوم کم ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق لاک ڈاون کا فیصلہ عوام کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد ہر باشعور شہری کا اخلاقی فرض ہے، لاک ڈاون کے دوران عوامی ہجوم کی حوصلہ شکنی کے لیے پولیس کے معمول کے گشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل سوار پولیس کے خصوصی دستے بھی مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، کوئٹہ کے مختلف مقامات پر پولیس افسران اور اہلکاروں سماجی فاصلہ کی ترغیب کے ساتھ ساتھ سینیٹائزر بھی فراہم کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان پولیس کے ان عوام دوست اقدامات کو شہریوں نے سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قانون پر عمل درآمد کے فرائض کے ساتھ سماجی زمہ داریوں سے روشناس کرانے کے لیے بلوچستان پولیس کا عوام دوست رویہ قابل ستائش ہے۔
اے پی پی /کوئٹہ/حامد











