صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی چینی ڈاکٹرزکے وفدسے ملاقات، کوروناوائرس سے پیداہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال

114

لاہور، 4اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے  کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں چین سے آئے ڈاکٹرزکے آٹھ رکنی وفد نے   اتوار کو یہاں ملاقات کی۔چینی ڈاکٹرزکے وفدمیں ہیڈآف میڈیکل ٹیم مامینگوئی، لی فینگسن، لوڈونگ می،  سونگ یونلن، اینورناصی رولا، زینگ لی، مینگ کنرن اورلیووینلی شامل تھے۔

ملاقات میں سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر) محمدعثمان یونس نے  پاکستان  میں کوروناوائرس سے پیداہونے والی صورتحال، اعدادوشمار، تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورمستقبل کی حکمت عملی بارے تفصیلات پربریفنگ دی۔

چینی ڈاکٹرزنے پاکستان بالخصوص حکومت پنجاب کی جانب سے کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے اقدامات اورحکمت عملی کوسراہا۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے چین سے آئے تمام طبی ماہرین کوخوش آمدیدکہتے ہیں،پاکستان اورچین کے درمیان درینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں،چین کوکوروناوائرس پراتنی جلدی قابوپانے پرمبارکباددیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے چینی طبی ماہرین سے مددلینے کاوقت ہے،حکومت کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے،کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے پوری قوم کومتحدہوناہوگا۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کابہترین علاج جاری ہے،انتہائی قلیل عرصہ کے دوران لاہورمیں ایک ہزاربستروں پرمشتمل ہسپتال بنایاگیاہے،ہم درست سمت میں فیصلے کرکے کوروناوائرس پرقابوپاسکتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرپنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی سہولت کیلئے بستروں اورلیبزکی تعدادبڑھائی جارہی ہے۔

اے پی پی /لاہور/حامد