وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی ملاقات، چیف منسٹر کورونا فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا

109

لاہور03اپریل(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صنعتکاروں کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں چیک دینا قابل تحسین اقدام ہے۔ صنعتکاروں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی آج ہم سے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے۔صاحب حیثیت افراد نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت بھرپور کاوشیں کر رہی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ جنگ عوام کی مدد سے ہر صورت جیتیں گے۔صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا گیا ہے۔

عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں چیک دینے پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ کا شکریہ اداکیا ۔

اے پی پی /لاہور/نورین