کورونا وائرس کے علاج کیلئے صحتیاب مریضوں کے خون سے پلازمہ نکالنے کیلئے سینئر ڈاکٹروں کی 5 رکنی ٹیم بنا دی گئی ہے: اجمل وزیر

147

پشاور،5اپریل(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے  مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات پر محکمہ صحت نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں سے پلازمہ لینے کی تیاری کے لیے سینئر ڈاکٹروں ،ڈاکٹر شاہجہان، ڈاکٹر فضل رازق، ڈاکٹر خالد خان، ڈاکٹر حمیدہ قریشی اور ڈاکٹر عثمان خٹک پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی بنا دی ہے جو پیسوایمونائزیشن کے لیے خون سے پلازمہ نکالے گی اور کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال ہوگی۔

پشاور میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر  کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر عمل درآمد کر کے ہمارے سارے وزراء اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے میدان میں ہیں اور وزیراعلی محمود خان خود بھی تمام صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے صوبائی حکومت کے کیے گئے بروقت اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہو گئے  ہیں ،مردان کے گاؤں منگاہ سے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے لیے گئے 109 نمونے منفی  ثابت ہوئے جس کی تصدیق NIH نے کر دی ہے۔ یونین کونسل منگاہ کے حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اور آہستہ آہستہ منگاہ کو کھول دیا جائے گا جبکہ  عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے صوبائی حکومت  کوشاں  ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ ایک طرف ہم کورونا وائرس سے لڑ رہے ہیں اور دوسری طرف بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی وافر مقدار میں موجودگی بھی یقینی بنا رہے ہیں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے تواتر کے ساتھ مارکیٹ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 ریلیف پیکج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ریلیف پیکج کو وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت تقسیم کریں گے جس سے 21 لاکھ 50 ہزار خاندان مستفید ہونگے۔ احساس پروگرام کے تحت پہلے یکمشت 4 مہینوں کے 12000 روپے ہر خاندان کو ملیں گے جبکہ چند ہفتوں میں 3 مہینوں کے 6 ہزار روپے یکمشت خیبرپختونخوا حکومت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیکج کی تقسیم کے لیے صوبے بھر میں 3600 پوائنٹس بنائیں گے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ اس حوالے سے مکینزم بنایا ہے اور یہ سب منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے آن لائن ہو گا۔

 اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان نے موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ انہیں خون کی فراہمی میں کسی قسم کے رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین