ملتان کو صاف ستھرا اور اجلا بنانے کیلئے مہم کا آغاز کردیا گیا

172

ملتان،23مئی(اے پی پی):ملتان کو صاف ستھرا اور اجلا بنانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے،شہر کی معروف شاہراؤں اور مصروف مارکیٹوں میں300 ویسٹ بِن نصب کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گول باغ گلگشت میں منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر بھی ہمراہ تھے اور منیجر آپریشنزداؤدمکی،منیجرز عقیل احمد، حبیب الظفر،عمران خان اور ڈی ایم او انوارالحق،عثمان خورشید اور فہیم لودھی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے شوروغل کے بعد کلین اینڈ گرین مہم دوبارہ شروع کردی گئی ہے اور عید کے بعد سنٹری ورکرز کو 550 ہینڈ کارٹس بھی دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کی بوسیدہ مشینری اور کنٹینرز کو مرمت اور تبدیل کیا جارہا ہے اور کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس مقابلے میں شرکت کے لئے پوری رفتار کے ساتھ کام شروع کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی بارے شکایت کے ازالے کے حوالے سے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اب بھی صوبہ بھر میں ٹاپ پر ہے ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ایریا بڑھنے کے بعد کمپنی کی مشینری اور ورک فورس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیبر کمپلیکس قرنطینہ سنٹر میں ویسٹ منیجمبٹ کمپنی نے بہترین کام کیا ہے، ہمیں فخر ہے کہ لوکل اور بین الاقوامی میڈیا نے ملتان قرنطینہ سنٹر کی تعریف کی ہے ۔

ایم ڈی ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ کلین اینڈ گرین ملتان کے ورکنگ پلان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے ملتان کو ایک نیارخ دیاجارہا ہے،کمپنی کے ورکرز خوبصورت ملتان کے لئے پرعزم ہیں۔

اے پی پی/ملتان/حامد