پی آئی اے طیارہ حادثہ، تحقیقاتی رپورٹ جلد از جلد مرتب کی جائیگی: غلام سرور خان

133

 

کراچی،23 مئی (اے پی پی ): وفاقی   وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور  خان نے کہا ہے  کہ پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد از جلد مرتب کی جائیگی۔

 ہفتہ کو پی آئی اے کے سی ای او  ارشد ملک کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انسانی جانوں کے ضیاع کی تلافی نہیں کرسکتا تاہم حکومت شہداء کے خاندانوں کو دس دس لاکھ روپے کی امداد فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  تخمینہ لگانے کے بعد ان لوگوں کو بھی معاوضہ دیا جائیگا جن کے مکانوں، گاڑیوں یا دوسری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں  نے کہا کہ واقعے کی ضمنی تحقیقاتی رپورٹ ہر صورت تین ماہ کے اندر جاری کی جائے۔

غلام سرور  خان نے یقین دلایا کہ آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کی جائیگی اور اگر کوئی حادثے کا ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز، امدادی اداروں اور عام شہریوں نے متاثرین کو بچانے کیلئے مثالی انسانی جذبے کا مظاہرہ کیا ۔

پریس  کانفرنس سے خطاب میں پی آئی اے کے سی ای او  ارشدملک نے بتایا کہ 21میتیں ان کے رشتہ داروں کے حوالے کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیگی جبکہ  میتوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے کے نمونے لئے گئے ہیں۔