بورے والا ،22 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں، بجلی چوروں کو سز ا دلوانے کیلئے عدالت کو اچھے طریقے سے معاونت فراہم کی جائے تاکہ بجلی چوروں کو سخت ترین سزائیں دلوائی جا سکیں اور آئندہ وہ بجلی چوری کا ارتکاب نہ کریں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے آفس میں بجلی چوری کی روک تھام کی مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران میپکو،سپیشل برانچ،پولیس اور دیگر اداروں کے سربراہان افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے مزید کہا کہ میپکو کے نادہندگان کی فہرستیں مرتب کی جائیں اور ریکوری کیلئے بھر پور طریقے سے اقدامات کئے جائیں اور سو فیصد ریکوری ٹارگٹ حاصل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف منظم طریقے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ساتھ لے کر کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بجلی چوروں کی گرفتاری میں آسانی ہو جب تک بجلی چوروں کو سزا نہیں ہو گی اس وقت تک وہ اس کام سے باز نہیں آئیں گے۔
اجلاس میں میپکو افسران نے بتایا کہ لڈن اور کرم پور کے علاقے میں بجلی چوری کے زیادہ واقعات رونما ہو رہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 53ہزار361چھاپے مارے گئے اس دوران 4ہزار824بجلی چور ی پکڑی گئی 2482بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں دی گئیں جن میں سے ایک ہزار 990بجلی چوروں کے خلاف مقدمات اندراج کیا گیا اور 906بجلی چوروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اسی طرح بجلی چوروں کو 16کروڑ32لاکھ 59ہزار113روپے جرمانہ ڈالا گیا جس میں سے 12کروڑ 3لاکھ 54ہزار 923روپے جرمانہ وصول کیا گیا اس طرح ریکوری کا تناسب 73.72فیصد رہا ۔
وی این ایس، بورے والا











