ڈی سی  ملتان  کی  زیر صدارت اجلاس ،  کورونا وائرس کی  بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لئے نئی  حکمت عملی   اپنانے پر غور

138

ملتان ، 22 جون (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس  کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لئے نئی  حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے،اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت ڈی سی  آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے  بارے میں  ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں ڈی سی  عامر خٹک نے سرکاری ہسپتالوں میں موجود تمام وینٹی لیٹرز فنکشنل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے  وینٹی لیٹرز سٹور میں رکھنے کے لئے نہیں بلکہ عوام کے علاج معالجہ کے لئے فراہم کئے گئے ہیں،کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے ضرورت پڑی تو وینٹی لیٹر کے حوالے سےنجی  ہسپتال کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

ڈی سی نے  مزید کہا کہ تمام نجی  ہسپتالوں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے اور سرکاری ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو کورونا وائرس کے مریض نجی  ہسپتال بھیجنے کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔

 ڈی سی  عامر خٹک نے دکانیں اور مارکیٹوں کو ڈی سیل کرنے کا اختیار اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میری اجازت کے بغیر کوئی دکان ڈی سیل نہیں ہو گی،ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانے کرنے کی بجائے انکی دکانیں سیل کی جائیں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کے وقت تمام قانونی تقاضے پورے کئے جاِئیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان، ہدایت اللہ خان،سب رجسٹرار سٹی کامران بخاری،سب رجسٹرار کینٹ سید جمیل حیدر شاہ اور پرائس مجسٹریٹس بھی موجود تھے۔

وی این ایس ، ملتان