تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام نہ دینے والے ڈاکٹرز اور عملہ کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی؛اسسٹنٹ کمشنر جلال پور

131

جلال پور پیر والہ،یکم جون(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور نے کہا ہے کہ جلال پورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام نہ دینے والے ڈاکٹرز اور عملہ کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی۔

 تحصیل ہیڈ کوارٹر  ہسپتال  میں ہسپتال کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس  کی صدارت کے بعد اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور نے صحافیوں کو بتایا کہ  گزشتہ دنوں سوشل میڈیا کے ذریعے ہسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اور علاج معالجہ سے گریز کی شکایات سامنے آئی تھیں، اجلاس میں طے پایا ہے کہ ٹی ایچ کیو کے گھوسٹ ملازمین بشمول لیڈی ڈاکٹرز جو اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کیے بغیر ہسپتال سے تنخواہ لے رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی 60 فیصد آسامیاں خالی ہیں، ہسپتال کے معاملات میں بہتری لانے کے لیے فوری طور پر مزید 6 سے 7 مرد و خواتین ڈاکٹرز کی ضرورت ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سفارش ارسال کی جا رہی ہے کہ ان کی فوری تعیناتی کروائی جائے اور مقامی رہائشی ڈاکٹرز کو ترجیح دی جائے۔

 اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ اجلاس میں تمام ڈاکٹرز کو مساوی ذمہ داریاں تفویض کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ہسپتال میں   مزید نرسوں اور ڈسپنسرز کی بھی ضرورت ہے۔

اجلاس میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احسان باری، ہسپتال میں تعینات ڈاکٹرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مبشر جلال نےبھی شرکت کی۔

وی این ایس ، ملتان