وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی، بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کی ملاقات

115

 لاہور، 23 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے منگل کو یہاں  ملاقات کی ہے ، ملاقات  میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کیلئے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ،بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے – بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہو گی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا-

 وزیر اعلی نے کہا کہ اوکاڑہ میں مقبرہ میر چاکر اعظم کی دیواروں اور بنیادوں کو محفوظ کیا جائے گا، اوکاڑہ کے نواح میں ست گرہ کو سٹیٹ آف دی آرٹ سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔ ست گرہ قلعہ،مچلز فارم اورسرگنگا رام کا بنایا ہوا ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ تاریخی حیثیت کو بحال رکھنا آثارقدیمہ کی حفاظت کا اولین تقاضا ہے، ست گرہ گاؤں میں رابطہ سڑکیں اور سیوریج سسٹم بنایا جا رہا ہے ، اس اقدام سے بلوچ بہن بھائیوں کو خیر سگالی کا پیغام دیا گیا ہے –

 وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے ،حکومت پنجاب بلوچستان میں کارڈیالوجی ہسپتال، ریسکیو1122 اور دیگر منصوبے مکمل کرے گی۔ بلوچستان میں پراجیکٹس کے آغاز سے تکمیل تک ہر مرحلے میں بھرپور معاونت کریں گے،  ڈیرہ غازی خان میں میر چاکراعظم رند ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کا دل ہر پاکستانی کے لئے دھڑکتا ہے۔ پنجاب بڑے بھائی کے طور پر بلوچستان سمیت ہر صوبے سے محبت کا بھرپور حق ادا کر رہا ہے ۔

 اس موقع پر سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچ قبیلے کے لئے معتبر مقبرے کی بحالی پر حکومت پنجاب اور عوام کے شکر گزار ہیں ،عثمان بزدار نے مقبرہ چاکر اعظم کی بحالی پر توجہ دے کر دل جیت لئے ہیں،انہوں نے دو قوموں کو نزدیک لانے کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔

سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی خدمات صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے بہت بڑا سرمایہ ثابت ہو ں گی، پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت بھی قبول کی اورسردار یار محمد رند کو مقبرہ میر چاکر اعظم رند کی تصاویر کا تحفہ پیش کیا۔

وی این ایس ، لاہور