شاور، 23جون(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان سے پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر گفتگو کی ۔
ملاقات میں وزیر تعلیم نے ضم شدہ اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لئے شاہین آفریدی کیجانب سے کی جانے والی کاوشوں پر انکا شکریہ ادا کیا کیونکہ کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کی درخواست پر ضلع خیبر کے دو سکولوں کے لئے تدریسی و سائنسی سامان مہیا کیا گیا جس سے مجموعی طور پر 429 طلباء مستفید ہوں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب نے کہا کہ مستقبل میں بھی قبائلی اضلاع میں تعلیم کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات حاصل کی جائیں گی کیونکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے کھیل کود ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع میں سکولوں کی تعمیر، اپ گریڈیشن، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنا، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور ڈراپ آؤٹ ریشو میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وی این ایس، پشاور











