آئی جی خیبر پختونخواہ کا ہنگو کے صحافیوں کے ہمراہ  کرم ڈسٹرکٹ کا دورہ

150

ہنگو،31 جولائی (اے پی پی):آئی جی خیبر پختونخواہ نے ہنگو کے صحافیوں کے ہمراہ  کرم ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ  کرم ڈسٹرکٹ کی پولیس کو ماڈل پولیس کا سٹیٹس دیں گے،کرم ڈسٹرکٹ میں ملکیتی تنازعات کے حل میں پولیس، مشران کے تعاون کی طلبگار ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم پولیس کو عید کے بعد انوسٹی گیشن،پراسیکوشن سمیت دیگر پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گئی،قبائلی اضلاع کے عوام ماضی کی بجائے حال اور مستقبل پر نظر رکھیں۔

آئی جی نے کہا کہ پولیس اور عدلیہ کا چولی دامن کا ساتھ ہے عدلیہ سے رابطے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،خیبر پختون خواہ پولیس کی استعداد کار مزید بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں،کرم پولیس کو جنگی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام تمام قوتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے جس کا مقصد قبائلی عوام کو قومی دھارے میں شریک کرنا ہے،پارہ چنار میں پہلا وومن رپورٹنگ سنٹر قائم کیا ہے جس میں دس ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔

اس موقع پر کرم میں پولیس دربار سے ڈی پی او قریش خان نے بھی خطاب کیا اور کرم ڈسٹرکٹ کی پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ کرم پولیس پیشہ ورانہ فرائض ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دے رہی ہے۔

دربار سے آر پی او کوہاٹ ریجن طیب حفیظ چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرم کے لیوی اور خاصہ دار جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بے مثل قربانیاں دیں۔کرم ،اورکزئی اور درہ آدم خیل کی پولیس کو جدید خطوط کی حامل ٹرینگ فراہم کریں گے۔

اے پی پی/محمد فخر الاسلام /قرۃالعین