عیدالضحیٰ ؛صفائی بارے آگاہی کیلئے ملتان  شہر میں 14کیمپ قائم

155

 

لتان، 31جولائی( اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید کے موقع پر شہریوں کو صفائی بارے آگاہی دینے کے لئے شہر میں 14کیمپ قائم کر دئیے ہیں،گزشتہ روز  معاون خصوصی جاویداختر انصاری،ترجمان وزیراعلیٰ ندیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نےکیمپس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان اور سی ای او عبدالطیف خان بھی ہمراہ تھے۔

جاوید اختر انصاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے آلائشیں اٹھانے کے لئے گزشتہ برس سے بڑھ کر تیاری کر رکھی ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اپنی انتظامی صلاحیتوں کی بناء پر اس عید پر بھی اہلیان ملتان کے دل جیت لیے  ہیں۔

ندیم قریشی نے کہا کہ ایک سال کے مختصر عرصے میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے اپنا امیج بہتر بنایا ہے،شہری کمپنی انتظامیہ سے مزید بہتر کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں،میں اپنے حلقے میں صفائی کی خود مانیٹرنگ کرونگا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کمپنی انتظامیہ کو گھر گھر بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ تقسیم کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا  کہ ہر کیمپ آفس میں مشینری اور بیگ کے اندراج کے لئے رجسٹر رکھا جائے،ہر سیکٹر میں مطلوبہ مشینری رات تک پہنچا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی ورکرز کو ورکنگ لنچ کیمپ آفسسز میں دیا جائے اور ملتان کے عوام کے معیار پر پورا اترنے کے لئے انتھک محنت کی جائے۔

سی ای او عبدالطیف خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپ نشتر، گلگشت، گھنٹہ گھر، حافظ جمال ،عید گاہ اور چوک کمہارانوالہ،سمیجہ آباد،پاک گیٹ،چوک شہیداں اور جناح پارک،ممتاز آباد،ڈبل پھاٹک، غلہ گودام اور چوک شاہ عباس میں آگاہی کیمپ قا ئم کئے گئے ہیں،ان آگاہی کیمپس سے شہریوں کو آلائشیں ڈالنے کے لئے بائیو ڈیگریڈڈ ویسٹ بیگ بھی دیئے جاررہے ہیں۔

عبدالطیف خان نے کہا کہ اپنی خاصیت کی وجہ سے بائیوڈیگریڈڈ بیگ چند دن بعد خود بخود تحلیل ہو جاتا ہے،سی ای او نے شہریوں کو آلائشیں گلیوں میں پھیکنے کی بجائے بیگ میں ڈال کر کمپنی ورکر کے حوالے کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

 وی  این ایس، ملتان