وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

92

لاہور،22 جولائی (اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسی شفاف حکومت آج تک نہیں آئی۔

 اپوزیشن کی تنقید کے جواب   میں  اپنے   بیان میں  وزیراعلیٰ پنجاب  کا کہنا تھا  کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنائے، اپوزیشن ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔ انہوں نے   کہا کہ دو برس میں کرپشن کا ایک بھی داغ حکومت کے دامن پر نہیں، ، کرپٹ مافیا کی لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے، سیاست کو کاروبار بنانے والوں کے دوغلے چہرے عوام کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے بوجھ تلے دبی اپوزیشن کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی کریں گے، آج بھی اپوزیشن کی اپنی صفوں کے اندر بھرپور انتشار اور افراتفری ہے جبکہ موجودوہ حکومت نے  دو سال میں فلاح عامہ کے وہ کام کئے ہیں ،جو شو مارنے والے 20 برس نہ کرسکے، لوٹ مار کے راستے بند کر دیئے ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست تیزی سے ختم ہو رہی ہے، ہماری حکومت نے وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا ہے، اپوزیشن کے پاس باتیں کرنے کے سوا کوئی ایحنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اب کرپشن اور لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا، مشکل وقت میں عوام کو تنہا چھوڑنے والوں کے لئے پاکستان کی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔

وی این ایس ، لاہور