کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور پائیدار منصوبہ بندی سے کام کرنا ہوگا:ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی

116

تھرپارکر، 06جولائی(اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور پائیدار منصوبہ بندی سے کام کرنا ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو یہاں دربار ہال مٹھی میں ضلع تھرپارکر میں کورونا وائرس سے بچاؤ او موثر احتیاطی تدابیر اپنانے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے کام جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے لوگوں کو بچانے کیلئے ہر صورت میں ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا ہوگا، جس کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور پائیدار منصوبہ بندی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اس مقصد کیلئے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ ٓگاہی فراہم کی جائے، جس کیلئے دیہی سطح پر ولیج کمیٹیاں تشکیل دے کر لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ سیمپلنگ کو بڑھایا جائے، ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ کی جائے اور اس کے علاوہ ان تاجروں کو اس وقت تک کاروبار کرنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے جب تک وہ اپنا ٹیسٹ نہ کروائیں۔

ممبر قومی اسمبلی نے  کہا کہ تھرپارکر کے دیہاتوں میں لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کرنے اور ماسک فراہم کرنے کے لئے تھر میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں کو ذمہ داری دی جائے جبکہ کورونا کے متاثر لوگوں کو آئیسولیٹ کرکے ان کی نگرانی کی جائے۔

 اجلاس میں تھرپارکر ضلع کے منتخب اراکین اسمبلی کی جانب سے ٹیکسی گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ کرانے، ضلع کے داخلی و خارجی راستوں میں تھرپارکر آنے والے لوگوں کے ٹیسٹنگ سلسلے کو بڑھانے، بیراجی علاقوں سے واپس آنے والے لوگوں کی ٹیسٹنگ کرنے اور دیگر شہروں کے لئے سفر کرنے والے لوگوں کی ٹیسٹنگ کرانے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں سینیٹر انجئیر گیانچند، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ویرجی کولھی، ممبر صوبائی اسمبلی فقیر شیر محمد بلالانی، رانا ہمیر سنگھ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو، ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ احمد، چئیرمین میونسپل کمیٹی مٹھی ڈاکٹر منوج کمار ملانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر گوردھن، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال مٹھی ڈاکٹر گل منیر وسطڑو، پی پی ایچ آئی، آئی ایچ ایس اسٹنٹ کمشنر اسلام کوٹ مہید میرانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

 وی این ایس، تھرپارکر