آئی جی پی خیبر پختونخوا نے پولیس سکول آف انوسٹی گیشن کی نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا باقاعدہ افتتاح کردیا

145

پشاور، 5اگست(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا ءاللہ عباسی نے آج پولیس کمپلیکس میرہ کچوڑی کا دورہ کیا اور پولیس سکول آف انوسٹی گیشن پشاور کی نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرسکول کی نئی بلڈنگ کے بارے میں آئی جی پی کو بریفنگ دی گئی، آئی جی پی سکول کے مختلف حصوں میں گئے اور ان میں قائم شعبہ جات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ سکول آف انوسٹی گیشن میں پولیس اہلکاروں کی تربیت سے صوبے میں تفتیش کا معیارمزید بہتر ہوگا، جس سے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو عدالتوں سے سزائیں دلانے میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے بہتر معیار کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ سکول آف انوسٹی گیشن میں پولیس کے علاوہ دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بھی تربیت دی جاتی ہے۔  انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ سکول میں زیربیت پولیس اہلکاروں کی تربیت پر پوری توجہ دی جائے تاکہ تربیت مکمل کرنے والے پولیس اہلکار جدید دور کے چیلنجز سے بخوبی نبردآزما ہو سکیں۔

آئی جی پی نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ اور ڈی آئی جی ٹریفک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے  کہ  اس سے قبل سکول ایک کرائے کی بلڈنگ میں چلایا جارہا ہے،سکول کی نئی بلڈنگ 29 کنال پر محیط ہے۔ سکول آف انوسٹی گیشن پشاور میں پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف نوعیت کے کورس پڑھائے جاتے ہیں۔ جن میں پولیس اہلکاروں کی تفتیشی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے جدید اور سائنسی خطوط پر تربیت دی جاتی ہے۔ ان کورسز میں کور انوسٹی گیشن سکل کورس، سیلولر فارنزک کورس،میڈیکو لیگل اینڈ ڈی این اے کورس، ہاٹ سپاٹ پولیسنگ اور کیس فائل مینجمنٹ کورس شامل ہیں۔

 اے پی پی /صائمہ حیات/حامد