لاہور،05 اگست (اے پی پی): وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت انٹر پروونشنل آن لائن ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ آن لائن کانفرنس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم، سیکرٹرییز سکول و ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے شرکت کی۔ کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد موجودہ حالات میں تعلیم کے حوالے سے اہم مسائل پر تمام صوبوں سے مشاورت کرنا تھا،کانفرنس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے درپیش تمام مسائل پر غور کیا گیا۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ حالات ٹھیک رہے تو 15 ستمبر 2020 سے صوبے بھر میں سکول کھول دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام مکمل ہے۔ سکول کھولنے کے حوالے سے اس کے علاوہ تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ جب تک طلباء و اساتذہ کو کرونا وائرس کا خطرہ لاحق ہے سکول کھولنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہمارے طلباء اور اساتذہ کو اس وباء سے ہر ممکن مخفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اے پی پی /لاہور/حامد











