صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ، فش مارکیٹ کی منتقلی کے امور اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا

111

لاہور، 6اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں فش مارکیٹ کی منتقلی کے امور اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع  پر  جنرل سیکرٹری فش مارکیٹ لاہور رائے محمد اختر نے کہا کہ فش مارکیٹ کیلئے متبادل جگہ دی جائے، تعمیرات ہم خود کریں گے جبکہ فش مارکیٹ کے سیورج اور دیگر مسائل کے حل کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ فش مارکیٹ جلد شہر سے باہر مناسب جگہ پر منتقل کی جائے گی۔ نئی فش مارکیٹ میں کاروبار کے حوالے سے تمام سہولتیں دی جائیں گی۔

صوبائی وزیر نے ایک ہفتہ کے اندر فش مارکیٹ کی منتقلی کاپلان پیش کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے کہا کہ پلان مرتب کرتے وقت کراچی کی مچھلی منڈی کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا جائے جبکہ فش مارکیٹ کے سیورج اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ٹرک اڈے شہر سے باہر منتقل کر نے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

صدر ایوان صنعت و تجارت عرفان اقبال شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت ،ڈپٹی کمشنر لاہور، فش مارکیٹ کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اے پی پی /لاہور/قرۃالعین