لاہور، 29اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے ملاقات کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال سمیت ہاؤسنگ، صنعت اور تجارتی و کاروباری سیکٹرز میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔اس کے علاوہ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے قریبی رابطوں کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے انسداد کورونا کیلئے موثر حکمت عملی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بہترین پالیسی کے تحت کام کیا ہے،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں 13 سپیشل اکنامک زونز بنارہے ہیں۔دو سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع ہے، بہاولپور میں تیسرے سپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔لاہور کے قریب راوی کنارے نیا شہر بسائیں گے،نئے شہر سے لاہور میں آلودگی اورزیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح کا مسئلہ حل ہوگا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زونز اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔وزیر اعلی نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز اور راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری پر خصوصی سہولتیں دی جائیں گی۔متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے۔تعلیم،صحت اوردیگر شعبوں کی بہتر ی کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہماری حکومت کے موثر اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الحمداللہ! پنجاب میں صورتحال قابو میں ہے۔ پنجاب حکومت نے کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔محرم الحرام کے بعد تعلیمی اداروں کو کھولنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے،رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دورے کی دعوت دی جس پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا،سفیر متحدہ عرب امارات نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیں گے،متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔











