احمدپورشرقیہ، 02 ستمبر(اے پی پی ): تھانہ صدر پولیس نے پندرہ روز قبل اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کے دوران چینی جانے والی کار برآمد کرلی ہے اور تین ملزمان محمد عاشق سکنہ ظاہر پیر علی، اعجاز سکنہ جہانیاں اور غلام محمد سکنہ جہانیاں کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایس ایچ او شیخ وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار تینوں ملزمان نے ٹبہ سلطان بدر تحصیل ملیسی سے محمد عمران نامی شخص سے یہ کار رینٹ پر بہاولپور جانے کے لیے حاصل کی تھی اور پھر بہاولپور سے مکینک کو ساتھ لے کر چنی گوٹھ کے لیے روانہ ہوگئے اور راستہ میں اسلحہ کے زور پر ڈرائیور کو زبردستی کار سے باہر پھینک دیا اور کار ڈکیتی کرلی ۔
انہوں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کر کے اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جرائم پیشہ افرادکی مکمل سرکوبی تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور جرائم پیشہ افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ اس موقع پر سینیئر صحافی محمد اکرم ظفری عمران اکبر مہر سعید احمد ندیم کمبوہ اور وقاص بلوچ اور محمد شعیب کمبوہ بھی موجود تھے۔











