لاہور،30ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاجی مارچ کی باتیں کر کے سیاسی طور پر زندہ رہنا چاہتی ہے ۔ عوام کی طاقت حکومت کیساتھ کھڑی ہے، اپوزیشن سے ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ضرور ہوں گے مگر 2023سے پہلے کسی صورت ممکن نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر قو می اسمبلی عاصم نذیر اور ممبر صوبائی اسمبلی سعید احمد سعدی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کر پشن کا خاتمہ ،بلاتفر یق شفاف احتساب ملک وقوم کیلئے لازم ہے کہ عوام حکومت کے مخالف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان کو آگے بڑ ھنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی مشکل معاشی حالات میں ملک سنبھالا ہے،حکومتی پالیسیوں کا محور غریب طبقے کی فلاح و بہبود ہے۔
چوہدری محمد سرور نےمزید کہا کہ ہم اداروں میں اصلاحات لارہے ہیں اور میرٹ پر کام کررہے ہیں۔











